کندھ کوٹ :چھٹے روز بھی شہریوں کا سفید جھنڈوں کیساتھ مارچ
کندھ کوٹ(بیورو رپورٹ)کندھ کوٹ میں بدامنی کے خلاف شہریوں کے حوصلے بلند، چھٹے روز بھی رات کے وقت شہر کے مرکزی ٹاور چوک سے پریس کلب تک سفید جھنڈوں کے ساتھ امن مارچ کیا گیا۔
ریلی میں ڈاکٹر مہر چند، غلام مصطفیٰ میرانی، دل مراد ڈاھانی، حاجی حضوربخش مغل، ظریت ساگر بجارانی، اکرم باجکانی، حافظ عبدالقادر سیال، انجنیئر موٹوانی، والی ڈنو سندھی، شعبان جکہرانی، عبدالعزیز سومرو، فدا حسین محمدانی، عبدالفتاح مغل، حسین بخش سومرو، شاھنواز مرھیٹو، غلام رسول ملک، اشوک کمار، اصغر شیخ، چھوٹو جکہرانی سمیت درجنوں شہریوں نے شرکت کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ \"یہ امن کی دھرتی ہے اور یہاں امن ہی چاہیے ، لیکن امن نہ ہونے کی وجہ سے ڈاکوؤں نے بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کا بازار گرم کر رکھا ہے ، جس کے باعث کاروباری طبقہ کندھ کوٹ چھوڑ کر کراچی، حیدرآباد اور سکھر کی جانب نقل مکانی کر رہا ہے ۔شرکاء نے کہا کہ حکمرانوں کی خاموشی تشویشناک ہے ۔ ہم پُرامن احتجاج کرتے ہوئے وفاقی حکومت، آرمی چیف، صدر پاکستان، وزیر اعظم، چیف جسٹس سپریم کورٹ اور دیگر اعلیٰ اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر کندھ کوٹ میں فوجی آپریشن شروع کر کے ڈاکوؤں، ان کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کا خاتمہ کیا جائے تاکہ علاقے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔