لاڑکانہ ،جیکب آباد میں وارداتیں، شہری لاکھوں روپے سے محروم

لاڑکانہ ،جیکب آباد میں وارداتیں، شہری لاکھوں روپے سے محروم

لاڑکانہ ،جیکب آباد (بیورورپورٹ،نمائندہ دنیا ) سندھ کے شہروں لاڑکانہ اور جیکب آباد میں ڈاکو اور چور سرگرم، دو مختلف وارداتوں میں لاکھوں روپے کی نقدی، قیمتی سامان اور شناختی دستاویزات چھین لیے گئے۔

لاڑکانہ شہر کے تھانہ اللہ آباد کی حدود ایئرپورٹ روڈ پر مسلح موٹر سائیکل سواروں نے نجی بسکٹ کمپنی کے سیلز مین شاہد علی شیخ کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر ڈھائی لاکھ روپے نقد، پرس، 9 ہزار روپے علیحدہ نقد، اے ٹی ایم کارڈ، شناختی کارڈ اور موٹر سائیکل کے کاغذات چھین لیے اور فرار ہوگئے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر واقعے کی ابتدائی تفصیلات حاصل کیں اور قریبی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے تفتیش شروع کردی۔متاثرہ سیلز مین شاہد علی شیخ نے واقعے کے بعد لاڑکانہ پریس کلب پہنچ کر احتجاج کیا اور میڈیا کو بتایا کہ وہ غالب نگر میں واقع ایک نجی بسکٹ کمپنی کا سیلز مین ہے اور آج زبیر ذیشان کنفیکشنری، ایئرپورٹ روڈ سے وصولی کے لیے گیا تھا جہاں یہ واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی لاڑکانہ اور ایس ایس پی سے اپیل کی ہے کہ وہ نوٹس لیتے ہوئے ڈاکوؤں کو گرفتار کرائیں اور چھینی گئی رقم و سامان واپس دلوائیں۔ جیکب آباد کے سٹی تھانہ کی حدود قائداعظم روڈ پر واقع موبائل کمپنی کی دکان کے تالے توڑ کر نامعلوم چور 4 لاکھ روپے نقدی، سمز اور دیگر قیمتی سامان چرا کر فرار ہوگئے ۔ دکان کے مالک ہریچند نے میڈیا کو بتایا کہ واردات رات کے وقت ہوئی اور پولیس تاحال کسی ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی۔شہریوں نے ان بڑھتی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس مؤثر حکمت عملی اپناتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں