میرپورخاص : چاندنی چوک پر مافیا کا قبضہ، ٹھیلے، پتھارے لگوادئیے

میرپورخاص(بیورورپورٹ)میرپورخاص کی خوبصورتی کے لیے بنائے گئے چاندنی چوک پر مافیا کا قبضہ، کارپوریشن کے چند ملازمین کی ملی مبینہ بھگت سے چوک کے اطراف اور عیدگاہ کی دیوار کے ساتھ پتھارے، ٹھیلے اور کیبن کا نام نہاد بازار قائم کرکے ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے سمیت مال بٹورنے لگے، شہریوں کا میئر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
چاندی چوک پر لاکھوں روپے خرچ کرکے 2003 میں بڑی اراضی پر دائرے میں پارک قائم اور اس کے اندر اللہ کے نام کا مونوگرام بنایا گیا تھا تاکہ میرپورخاص کی اس شاہراہ کو خوبصورت بنایا جاسکے، اس کے سامنے 6گز کے فاصلے پر مکہ عیدگاہ بھی واقع ہے۔ ذرائع کے مطابق موجودہ کارپوریشن کے چند ملازمین اور دو نجی افراد کی مبینہ ملی بھگت سے چاندنی چوک کے چاروں اطراف اور عید گاہ کی دیوار کے ساتھ درجنوں پتھارے ، ٹھیلے اور کیبنوں کو پیسے کے عوض لگوا دیا گیا،ایک جانب تجاوزات کی بھر مار اور دوسری طرف خریداری کرنے والوں کی گاڑیاں کھڑی کرنے کے سبب اس شاہراہ پر اکثر ٹریفک جام رہتا ہے اور کئی بار حادثات بھی ہوچکے ہیں، 50 فٹ کی سڑک 15 فٹ تک محدود ہوکر رہ گئی ہے، جبکہ پارک کے اندر نشہ کرنے والوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ اس حوالے سے شہریوں نے متعلقہ افسران کو تحریری شکایت بھی کی، مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ شہریوں نے میونسپل کارپوریشن میرپورخاص کے میئر عبدالرؤف غوری سے مطالبہ کیا کہ چاندنی چوک پر قبضہ کرنے والی مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے۔