ضلع کونسل مٹیاری ، 436.836 ملین روپے کا بجٹ پیش

ضلع کونسل مٹیاری ، 436.836 ملین روپے کا بجٹ پیش

حیدرآباد (اے پی پی) ضلع کونسل مٹیاری کا بجٹ اجلاس برائے مالی سال 2025-26 چیئرمین ضلع کونسل مخدوم احمد زمان کی زیر صدارت ہوا، جس میں وائس چیئرمین، اراکین کونسل، مختلف سرکاری محکموں کے نمائندگان، افسران اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران چیئرمین مخدوم احمد زمان نے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ مکمل طور پر عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دیا گیا ہے ، جس کا مقصد ضلع میں جاری ترقیاتی عمل کو مزید مستحکم کرنا اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔ مالی سال 2025-26 کے لیے ضلع کونسل کی کل آمدنی 436.836 ملین روپے متوقع ہے ، جس میں گزشتہ مالی سال 2024-25 کی بچت 158.170 ملین روپے شامل ہے ۔ علاوہ ازیں او زیڈ ٹی کی مد میں 270.832 ملین روپے ، امپورٹ پراپرٹی ٹیکس کا ایک فیصد حصہ 7.588 ملین روپے جبکہ دیگر ذرائع سے 0.244 ملین روپے کی آمدن متوقع ہے ۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق نئے مالی سال میں دستیاب وسائل کو ترقیاتی اسکیموں، انفرااسٹرکچر کی بہتری، صاف پانی کی فراہمی، تعلیم، صحت اور بلدیاتی سہولیات پر ترجیحی بنیادوں پر خرچ کیا جائے گا۔ چیئرمین مخدوم احمد زمان نے کہا کہ ضلع کونسل ایک جامع اور شفاف حکمت عملی کے تحت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے، نئے مالی سال میں ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔ انہوں نے تمام اراکین، افسران اور اداروں پر زور دیا کہ وہ بجٹ پر موثر عملدرآمد کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں