سکھر:ایئرپورٹ پولیس کی کارروائی، فائرنگ کے بعد 2 ملزم گرفتار

سکھر (این این آئی) ترجمان ضلع پولیس سکھر کے جاری بیان کے مطابق پولیس اسٹیشن ایئرپورٹ سکھر کی حدود ڈپٹی والا باغ کے قریب معمول کے گشت کے دوران ایک پولیس مقابلہ ہوا۔
ایس ایچ او ایئرپورٹ کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 مشتبہ افراد کو روکنے کی کوشش کی، روکنے کے اشارے پر مشتبہ افراد نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 ملزم محمد پریال مہر اور جہانگیر مہر زخمی ہو گئے، جنہیں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ 2 دیگر نامعلوم ملزم اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے ۔ گرفتار ملزموں کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول اور سات راؤنڈ برآمد کئے گئے ۔ فرار ملزموں کی تلاش اور گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ گرفتار ملزموں کے پس منظر اور مجرمانہ سرگرمیوں کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ایس ایس پی سکھر اظہرخان نے پولیس پارٹی کی بروقت کارروائی اور بہادری کو سراہا اور کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سکھر پولیس چوبیس گھنٹے چوکنا اور متحرک ہے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔