منشیات،بجلی چوری،تجاوزات کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

عمرکوٹ(نمائندہ دنیا )وفاقی و صوبائی ایپکس کمیٹیوں کے فیصلوں کی روشنی میں تشکیل دی گئی ضلعی کوآرڈی نیشن کمیٹی عمرکوٹ کا اجلاس۔۔۔
ڈپٹی کمشنر نویدالرحمن لاڑک کی صدارت میں ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاک فوج کے کیپٹن کامران،اسسٹنٹ کمشنرز سامارو، پٹھورو اور کنری، ڈی ایس پی تصور جٹ، ایکسین حیسکو امتیاز میمن، محکمہ ایکسائز، کسٹمز، نارکوٹکس، سوشل ویلفیئر، ویمن ڈیولپمنٹ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی سمیت حساس اداروں اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نوید لاڑک نے کہا کہ غلط معلومات اور افواہوں کو روکنا ریاستی رٹ قائم کرنے کے لیے ناگزیر ہے ۔ انہوں نے واضح ہدایت دی کہ عمرکوٹ میں کوئی غیر قانونی پیٹرول پمپ ہو تو فوری سیل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کر کے جرائم سے بچایا جائے ، کیونکہ یہی نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔انہوں نے تمام اداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ ریاست یا اداروں کے خلاف کسی بھی غلط پروپیگنڈے یا غیر مصدقہ معلومات کی صورت میں فوری فورم کو مطلع کیا جائے اور ایسے عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ کسٹمز اور نارکوٹکس اہلکاروں کو گشت بڑھانے اور غیر قانونی اشیاء و پیٹرول پمپس کے خلاف مشترکہ کارروائی کی ہدایت دی گئی۔سندھ پولیس کو منشیات کے خلاف مؤثر اقدامات، جبکہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو شہروں میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔اس موقع پر ایکسین حیسکو امتیاز میمن نے بتایا کہ بجلی چوری کے خلاف آپریشن جاری ہے ، اور عمرکوٹ شہر میں 8 ٹرانسفارمرز کی وائرنگ کیبلز پر منتقل کر دی گئی ہے۔