گلشن حدید:اسکریپ تاجر سے فلمی انداز میں 7لاکھ کی ڈکیتی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے گلشن حدید میں بینک سے رقم نکالنے کے بعد ایک اسکریپ تاجر کو فلمی انداز میں لوٹ لیا گیا۔۔۔
پانچ رکنی گروہ نے نوٹوں کی گڈی گرا کر تاجر کو چالاکی سے ٹریپ کیا اور اسلحہ کے زور پر ساڑھے 7 لاکھ روپے ، موبائل فون اور اے ٹی ایم کارڈ چھین کر فرار ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق اسکریپ کے کاروباری شخص محمد عربی کو نجی بینک سے ساڑھے 7 لاکھ روپے نکالنے کے فوراً بعد فلمی انداز میں ڈکیتی کا نشانہ بنایا گیا۔ متاثرہ تاجر کے مطابق جیسے ہی وہ بینک سے نکلا، ایک شخص نے اس کی گاڑی کے سامنے ہزار ہزار روپے کی گڈی پھینکی اور آگے بڑھ گیا۔اسی دوران دوسرا شخص گڈی اٹھا کر چل دیا، بعدازاں پہلا شخص اپنے ساتھی سمیت واپس آیا اور گڈی گم ہونے کا ڈرامہ رچایا۔ تاجر جب نوٹوں کی گڈی اٹھانے والے شخص کے تعاقب میں گیا تو اچانک ایک کرولا گاڑی آکر رکی جس میں سے دو مسلح افراد نکلے اور تاجر کو پستول دکھا کر اس سے نقدی، موبائل اور اے ٹی ایم کارڈ چھین کر فرار ہوگئے ۔پولیس نے واقعہ کا مقدمہ نمبر 458/25 تھانہ اسٹیل ٹاؤن میں درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔