ڈاکٹرز کی رجسٹریشن کے لئے آن لائن پورٹل متعارف

کراچی (سٹی ڈیسک)سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے ڈیجیٹل گورننس کی جانب قدم اٹھاتے ہوئے سندھ میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے۔۔
اداروں اور افراد کو اب گھر بیٹھے کلینک اور اسپتال کی رجسٹریشن اور لائسنس حاصل کرنے کیلئے سہولتیں فراہم کردیں ہیں۔ اس ضمن میں سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے ورلڈ بینک کی مالی معاونت سے چلنے والے کلک پروجیکٹ کے تحت سندھ بزنس ون اسٹاپ شاپ کے ساتھ ایک تاریخی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ اس شراکت داری کا مقصد پورے صوبے میں صحت کی دیکھ بھال کے اداروں کے لیے رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کردیاہے ۔چیئرمین ایس ایچ سی سی، ڈاکٹر خالد حسین شیخ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے عوامی خدمات کی فراہمی میں آسانی پیدا کرنے کی طرف ایک بہت بڑا اقدام قرار دیا۔کلک کے پروجیکٹ ڈائریکٹر بہزاد عامر میمن نے SBOSS اورسندھ ہیلتھ کیئر کے درمیان باہمی تعاون کو سراہتے ہوئے حکومت سندھ کے صارف کی سہولت اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے مینول سے ڈیجیٹل سروسز کی طرف منتقلی کے وسیع تر وژن کو اجاگر کیا۔سی ای او ایس ایچ سی سی ڈاکٹر احسن قوی صدیقی نے آن لائین پورٹل کے مقاصد کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ آف کمشنرز نے ہمیں ڈاکٹروں اور اسپتالوں کی رجسٹریشن کو خودکار بنانے کی ذمہ داری سونپی ہے ۔