میرپورخاص :بلدیہ شاپنگ سینٹر خریداروں کیلئے عذاب بن گیا

میرپورخاص :بلدیہ شاپنگ سینٹر خریداروں کیلئے عذاب بن گیا

میرپورخاص (رپورٹ :عزیز خان یوسفزئی )بلدیہ شاپنگ سینٹر، جو شہر کا ایک معروف تجارتی مرکز ہے ، اب خریداروں کے لیے وبال جان بن چکا ہے۔

شاپنگ سینٹر میں واقع دکانوں کے باہر لگائے گئے غیر قانونی کاؤنٹرز اور موٹر سائیکلوں کی بے ترتیب پارکنگ نے چھ فٹ کی گلیوں کو محض دو فٹ تک محدود کر دیا ہے ، جس سے پیدل چلنے والوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے ۔تفصیلات کے مطابق، شاپنگ سینٹر میں پانچ سو سے زائد دکانیں قائم ہیں جن میں موبائل فونز، ریڈی میڈ گارمنٹس، پرفیومز اور دیگر الیکٹرانک اشیاء کی خرید و فروخت ہوتی ہے ۔ شاپنگ سینٹر میں چھ چھ فٹ چوڑی دس گلیاں موجود ہیں، تاہم دکانداروں نے دکانوں کے باہر کاؤنٹر لگا رکھے ہیں، جنہیں کرائے پر ماہانہ 10 سے 15 ہزار روپے میں دیا جا رہا ہے ۔ ان غیر قانونی کاؤنٹرز کی وجہ سے گلیوں کی گزرگاہیں محدود ہو چکی ہیں۔صورتِ حال اس وقت مزید سنگین ہو جاتی ہے جب دکاندار اور خریدار اپنی موٹر سائیکلیں انہی تنگ گلیوں میں کھڑی کر دیتے ہیں، باوجود اس کے کہ شاپنگ سینٹر کی چھت پر باقاعدہ موٹر سائیکل اسٹینڈ موجود ہے ۔ دکاندار اپنی موٹر سائیکل دکان کے آگے کھڑی کرنا اپنا حق سمجھتے ہیں، جس سے پیدل چلنا مزید دشوار ہو جاتا ہے ۔ اگر کوئی شہری ان غیر قانونی تجاوزات پر اعتراض کرے تو شاپنگ سینٹر کی یونین دکانداروں کی حمایت میں سامنے آ جاتی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں