بزرگانِ دین کی تعلیمات ہر دور میں مشعل راہ، ثروت اعجاز

  بزرگانِ دین کی تعلیمات ہر دور میں مشعل راہ، ثروت اعجاز

کراچی(این این آئی)حضرت عبداللہ شاہ غازی رحمۃ اللہ علیہ کے 1295ویں سالانہ عرس کے موقع پر پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری، مرکزی صدر علامہ بلال عباس قادری، علامہ بلال سلیم قادری اور کارکنان نے مزار پر حاضری دی۔۔۔

 چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر مذہبی و روحانی تعلیمات کو عام کرنے اور فرقہ واریت کے خاتمے کا عزم کیا گیا۔اس موقع پر انجینئر ثروت اعجاز قادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ نے اپنی تعلیمات سے محبت، رواداری اور انسانیت کو فروغ دیا۔ ان کا شجرہ حضرت علیؑ سے ملتا ہے اور وہ تبلیغِ دین کے لیے 138 ہجری میں سندھ تشریف لائے ۔ایران اسرائیل کشیدگی پر بات کرتے ہوئے ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستانی قوم ایران کے ساتھ کھڑی ہے ، اسرائیل کی جارحیت اس کے انجام کی طرف اشارہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کفار مسلمانوں کے خلاف کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے ۔چیئرمین انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے مزید کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کھلی دہشت گردی ہے۔ اسرائیل کے خلاف جنگ میں پوری امت مسلمہ کومتحد ہونے کی ضرورت ہے۔علامہ بلال عباس قادری نے کہا کہ سندھ صوفیائے کرام کی دھرتی ہے ، بزرگانِ دین کی تعلیمات انسانیت، امن اور اخوت کا سرچشمہ ہیں۔ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کی تبلیغ سے کئی غیر مسلم حلقہ اسلام میں داخل ہوئے ۔علامہ بلال عباس قادری نے کہا کہ اسلام کے پھیلاؤ میں اولیائے کرام کا کردار مرکزی ہے ، آج جب جدید سہولیات موجود ہیں، ہم پھر بھی غفلت میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں امن صرف اسلام کے پیغام سے قائم ہو سکتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں