کوآپریٹو سوسائٹیز پر قبضے ،جماعت اسلامی کا قانونی جدوجہد کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مختلف کوآپریٹو سوسائٹیز پر حکومتی سرپرستی میں مبینہ قبضوں کے خلاف جماعت اسلامی نے متاثرین کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج اور قانونی مزاحمت کا اعلان کر دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے سٹی کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کے دفتر کے سامنے پریس کانفرنس کرتے ہوئے صورتحال کو \\\"مافیا کے سسٹم\\\" کی شکل قرار دیا اور کہا کہ جماعت اسلامی زمینوں کے اصل مالکان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت اور سندھ کوآپریٹو ڈپارٹمنٹ کی سرپرستی میں کراچی کی کوآپریٹو سوسائٹیز پر جعلی الیکشن اور من پسند ایڈمنسٹریٹرز کے ذریعے قبضے کیے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں شہریوں کی عمر بھر کی جمع پونجی داؤ پر لگی ہوئی ہے اور عدالتوں کے احکامات کے باوجود متاثرین کو ان کا حق نہیں دیا جا رہا۔انہوں نے کہا کہ پی آئی ڈی سی، کوکن مسلم، غوثیہ، بجنور، گلشن محمود الحق اور دیگر سوسائٹیز کے الاٹیز کو ان کی زمینیں نہیں دی جا رہیں، بلکہ قبضہ مافیا عدالتوں میں بھی مقدمات کو لٹکا رہا ہے ۔ انہوں نے نیب، عدلیہ اور مقتدر قوتوں کی خاموشی پر سوال اٹھایا اور اعلان کیا کہ 21 جون کو سندھ اسمبلی کے سامنے بھرپور احتجاج ہوگا۔منعم ظفر نے کہا کہ جماعت اسلامی نے متاثرہ سوسائٹی نمائندوں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں، جو عدالتوں سے بھی رجوع کریں گی اور عوامی مزاحمت کی حکمت عملی طے کریں گی۔ متاثرین نے پلے کارڈز اٹھا کر انصاف کی اپیل کی اور سسٹم کی سرپرستی کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔