شہید بے نظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ عقیدت و احترام سے منائی گئی

شہید بے نظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ عقیدت و احترام سے منائی گئی

لاڑکانہ (بیورو رپورٹ)ملک کے دیگر شہروں کی طرح لاڑکانہ میں بھی اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔

اس سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ اور پیپلز لائیرز فورم کی جانب سے بیگم نصرت بھٹو ہال اور ہائی کورٹ بار روم میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔تقریبات میں پیپلز پارٹی کے رہنما اور کارکنان، وکلاء برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری پی پی لاڑکانہ و چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل ایڈووکیٹ اعجاز احمد لغاری، میئر لاڑکانہ ایڈووکیٹ انور علی لُھر، شاہد اقبال سیال، توقیر فاطمہ بھٹو، خیرمحمد شیں، اور دیگر رہنماؤں نے شہید بے نظیر بھٹو کی سیاسی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔تقریبات میں کیک کاٹا گیا، شہید محترمہ کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ مقررین نے خطاب میں کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کے استحکام، عوامی حقوق اور پاکستان کی مضبوطی کے لیے ناقابلِ فراموش قربانیاں دیں۔ ان کی سیاسی بصیرت کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔ مقررین نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنی والدہ کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں، وہ جلد پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے ۔دوسری جانب پبلک ہیلتھ اسکول میں بھی خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں عملے نے شرکت کر کے سالگرہ کا کیک کاٹا اور شہید محترمہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں