پی ٹی آئی وکلا کا ایران اور غزہ سے یکجہتی کیلئے مظاہرہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے وکلا نے سٹی کورٹ کراچی میں ایران اور غزہ کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی اور امریکہ و اسرائیل کی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاج کی قیادت پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر اور لائرز موبلائزیشن اینڈ انگیجمنٹ کمیٹی کے رکن ایڈووکیٹ ظہور احمد محسود نے کی۔احتجاج میں پی ٹی آئی کے ممتاز وکلا نظیر اللہ محسود، منظور بھٹہ، بیرسٹر شعیب کھٹیان، بیرسٹر شیر علی سیال، جی ایم آزاد، بیرسٹر احسن عادل شیخ، زاہدہ کمال علوی سمیت دیگر وکلا نے شرکت کی۔ کراچی کے مختلف اضلاع سے سینئر وکلا کی بڑی تعداد نے بھی مظاہرے میں شرکت کی اور ایرانی عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔شرکا نے امریکی و اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مشرق وسطی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرے ۔ایڈووکیٹ ظہور احمد محسود نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران پر امریکی حملہ عالمی امن کے لیے خطرہ ہے ۔ انہوں نے امریکہ کو دہشت گرد ریاست قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا سربراہ ڈونلڈ ٹرمپ بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کی حکومت اقوامِ متحدہ اور متعلقہ عالمی اداروں کے ذریعے ڈونلڈ ٹرمپ کا نام نوبل امن انعام کی نامزدگی سے واپس لینے کے لیے فوری اقدامات کرے ۔ اسرائیل اور امریکہ کی پالیسیوں نے پوری مسلم دنیا کے لیے خطرناک حالات پیدا کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو فوری طور پر متحد ہو کر ایک موثر حکمتِ عملی اپنانی ہوگی، پاکستانی عوام، ایران اور فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں ۔