سول اسپتال میں45کروڑکی لاگت سے تین جدید موڈیولر آپریشن تھیٹرز قائم کرنے کا فیصلہ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سول اسپتال کراچی میں تین جدید موڈیولر آپریشن تھیٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق ان جدید موڈیولر آپریشن تھیٹرز کو انفیکشن کنٹرول کے عالمی معیار کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔۔۔
جس پر 40 سے 45 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور دو ماہ کے اندر اس پر کام کا آغاز متوقع ہے ۔ سول اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس)ڈاکٹر خالد بخاری نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ موڈیولر او ٹی منصوبہ گزشتہ دو برسوں سے زیر بحث تھا، جس کی باقاعدہ منظوری مالی سال 2025-26 میں صوبائی حکومت نے دے دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا کریڈٹ وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور سیکریٹری صحت ڈاکٹر ریحان بلوچ کو جاتا ہے ۔ سندھ بھر میں 15 موڈیولر او ٹی قائم کیے جائیں گے جن میں سے 3 سول اسپتال کراچی میں بنائے جائیں گے ۔ڈاکٹر خالد بخاری نے مزید کہا کہ کراچی کے نجی اسپتالوں میں پہلے ہی موڈیولر او ٹیز موجود ہیں، سول اسپتال کراچی کا پہلا اور واحد سرکاری اسپتال ہوگا جہاں یہ جدید سہولت میسر ہوگی،انہوں نے بتایا کہ موڈیولر او ٹی میں دورانِ آپریشن جراثیم سے پاک ماحول کو یقینی بنانے کے لیے ہیپا فلٹرز کے ذریعے مسلسل صاف ہوا فراہم کی جاتی ہے جو سرجن اور مریض دونوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرتا ہے ۔سول اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے مزید بتایا کہ فی الحال او ٹی کمپلیکس میں 14 روایتی آپریشن تھیٹرز موجود ہیں، سندھ بھر سے کینسر اور دیگر پیچیدہ کیسز یہاں آتے ہیں جن میں سے کئی آپریشنز 6 سے 8 گھنٹے طویل ہوتے ہیں۔ ایسے میں جدید او ٹیز ایک ضرورت بن چکے ہیں۔ تین موڈیولر او ٹیز کی منظوری لے لی ہے اب مزید چار کے لیے درخواست کریں گے ۔