انسانی اسمگلنگ کیس میں صارم برنی نے پھر درخواست ضمانت دائر کردی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسانی اسمگلنگ اور جعلی دستاویزات کے مقدمے میں گرفتار ملزم صارم برنی نے ایک بار پھر ضمانت کی درخواست دائر کردی ہے ۔
ملزم کی جانب سے دائر کردہ یہ چھٹی درخواست ضمانت ہے جبکہ اس سے قبل اس کی پانچ درخواستیں جوڈیشل مجسٹریٹ، سیشن عدالت اور سندھ ہائیکورٹ سے مسترد کی جا چکی ہیں۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صارم برنی کو ایک سال قبل گرفتار کیا گیا تھا تاہم تاحال فرد جرم عائد نہیں کی گئی۔استغاثہ جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے تاکہ ملزم کو طویل عرصے تک جیل میں رکھا جا سکے ۔ درخواست کے مطابق حالیہ دنوں میں تفتیشی افسر نے کیس کو اسپیشل کورٹ میں منتقل کرنے کی درخواست جمع کرائی ہے جبکہ حدود کے تعین کا معاملہ بھی گزشتہ ایک سال سے التواء کا شکار ہے ۔ ملزم کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ صارم برنی کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔