تھرپارکر: 3ہیلتھ سینٹرز کو ہیلتھ کیئر کمیشن کا مستقل لائسنس جاری
کراچی،تھرپارکر (پ ر )سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے تھرپارکر میں اعلیٰ معیار کی صحت خدمات فراہم کرنے والے تین ہیلتھ سینٹرز کو مستقل لائسنس جاری کرتے ہوئے۔۔
اہم پیش رفت کا اعلان کر دیا، جو میرپورخاص ڈویژن کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا موقع ہے ۔اطلاعات کے مطابق سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے میرپورخاص ڈویژن میں پہلی بار تین ہیلتھ کیئر سہولیات کو ان کی اعلیٰ معیار کی خدمات کے اعتراف میں مستقل لائسنس جاری کیے ہیں۔ یہ سہولیات انڈس ہیلتھ نیٹ ورک اور تھر فاؤنڈیشن کے اشتراک سے اسلام کوٹ میں تھر فاؤنڈیشن ہسپتال، تھر بلاک 2 میں ماروی کلینک اور سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی (SECMC) کے زیر انتظام سائٹ کلینک پر مشتمل ہیں۔سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر الطاف خواجہ کے مطابق صوبے بھر میں تقریباً ایک لاکھ چھوٹے بڑے ، سرکاری و نجی ہیلتھ کیئر سینٹرز کام کر رہے ہیں جن میں سے صرف 14,000 کے قریب رجسٹرڈ ہیں اور 1,200 کو اب تک عارضی لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ صرف 113 اداروں کو مستقل لائسنس دیا گیا ہے ۔ڈاکٹر الطاف نے واضح کیا کہ کمیشن کی ٹیمیں باقاعدگی سے ان اداروں کی خدمات، سہولیات اور طبی معیار کا جائزہ لیتی ہیں اور صرف وہ ادارے جو سخت معیارات پر پورا اترتے ہیں، انہیں مستقل لائسنس دیا جاتا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر فہیم ابڑو نے کہا کہ تھر فاؤنڈیشن اور انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کے ان اداروں نے تمام تشخیصی اور سروس اسٹینڈرڈز پر مکمل عمل درآمد کیا ہے ، جس کے باعث انہیں یہ اعزاز دیا گیا۔