شجاعت خوف کے مقابل ڈٹے رہنے کا نام ،علامہ شہنشاہ نقوی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا ہے کہ شجاعت یہ ہے کہ انسان سختیوں اور خطرات سے ٹکرانے میں دلیر اور ثابت قدم ہو، اس لفظ کا استعمال زیادہ تر مبارزے لڑائی اور جہاد کے مسائل میں ہوتا ہے۔
دشمن سے ٹکرانے اور پیچھے نہ ہٹنے میں شجاعت سمجھی جاتی ہے ۔گزشتہ روز نشتر پارک میں مرکزی عشرہ محرم کی تیسری مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے خطیب پاکستان علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ یہ دل کی طاقت،ارادے کی مضبوطی اور روحانی قوت ہے جو انسان کو حق بات کہنے سے نہیں روکنے دیتی ،یہاں تک کہ اگر ظالم و جابر کے سامنے بھی ہو ،اسی طرح جب مقابلہ اور جنگ کی نوبت آجائے تو انسان قربانی اور جانثاری سے نہ گھبرائے ۔ شجاعت یہ ہے کہ انسان خواہ رنج و غم کا سامنا کرے مگر میدان میں موجود ہو خوفزدہ نہ ہو ۔