عوام آزادی کی تقریبات میں بھرپورشرکت کریں،آفاق احمد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ نے جشنِ آزادی کی تقریبات کا آغاز چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب سے کر دیا ۔ آفاق احمد نے قومی پرچم لہرا کر تقریبات کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ 14 اگست تک قومی جوش و جذبے کے ساتھ جشن منائے گی۔ شہر کے مختلف مقامات پر کیمپس لگائے جائیں گے ، زون کی سطح پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اور شہریوں میں قومی پرچم اور بیجز تقسیم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں آزادی کی تقریبات کا انعقاد اس لیے ضروری ہے کہ یہاں بعض قوم پرست جماعتوں نے ملک دشمن بیانیے کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان جماعتوں نے اجرک جیسی علاقائی ثقافت کو علیحدگی پسند نعروں اور زہر آلود پروپیگنڈے کے لیے استعمال کیا جو ناقابلِ قبول ہے ۔ مہاجر قومی موومنٹ تمام ثقافتوں کا احترام کرتی ہے مگر سندھ کے عوام کا فرض ہے کہ اپنی ثقافت کو ریاست مخالف عناصر کے ہاتھوں یرغمال نہ بننے دیں۔ انہوںنے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بھرپور انداز میں آزادی کی تقریبات میں حصہ لیں۔