فراہمی و نکاسی آب کیلئے جدید تکنیک اپنانے کی ہدایت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی کی زیر صدارت شہر میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف انجینئرز سمیت تمام اضلاع کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز نے شرکت کی۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق اجلاس کا مقصد فراہمی و نکاسی آب کے نظام کو مزید موثر بنانا تھا۔ اجلاس میں پانی کی ترسیل، نکاسی آب، جاری منصوبہ جات، عوامی شکایات اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن کا کہنا تھا کہ شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو سختی سے ہدایت دی کہ نکاسی آب سے متعلق موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ سی ای او نے کہا شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے جسے ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔ انہون نے مزید کہا کہ فراہمی و نکاسی آب کے نظام میں بہتری کے لیے جدید تکنیکی طریقہ کار اپنائے جائیں اور تمام فیلڈ ٹیموں کو فعال اور متحرک رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے ۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ شہریوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا۔