تھانے میں نوجوان کا قتل، ایس ایچ او سمیت 4 ملزمان کاجسمانی ریمانڈ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے شاہ لطیف تھانے میں نوجوان کے قتل کے مقدمے میں ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ۔
جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں پولیس نے گرفتار ایس ایچ او صدرالدین میرانی، اے ایس آئی سلیم مغل اور دو دیگر ملزمان عاطف اور شاہ زیب کو پیش کیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان عاطف اور شاہ زیب دو افراد کو ڈکیت کہہ کر شاہ لطیف تھانے لائے تھے جہاں جھگڑے کے دوران ملزم عاطف نے فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا۔ تفتیشی افسر نے مزید بتایا کہ واقعے کے بعد ایس ایچ او صدرالدین میرانی اور اے ایس آئی سلیم مغل نے نہ صرف جائے وقوعہ کو صاف کرایا بلکہ تھانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جان بوجھ کر ڈیلیٹ کر دی گئی جس کا مقصد واقعے کے شواہد مٹانا تھا۔ دونوں پولیس افسران پر شواہد چھپانے اور انصاف میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ عدالت نے تمام شواہد اور دلائل سننے کے بعد ملزمان کو 8 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت میں پیش رفت رپورٹ اور مزید شواہد عدالت میں پیش کیے جائیں۔