کندھ کوٹ:موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ،دو بھائی قتل
کندھ کوٹ،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) سندھ بلوچستان کے سنگم پر واقع آر ڈی 109 کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے۔۔
دو بھائیوں حنیف نصیرانی اور رحیم داد نصیرانی کو خواتین کے سامنے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ دونوں بھائی خواتین کے ہمراہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر کندھ کوٹ سے واپس جا رہے تھے کہ 27 میل کے علاقے میں ملزمان نے انہیں روک کر قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق واقعہ \"مخبری\" کے شبہ میں پیش آیا ہے۔ گھوٹکی کے نمائندے کے مطابق میرپورماتھیلو میں ایف ایف سی کے مقام پر موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے ٹریکٹر ٹرالی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں دو بچیاں جاں بحق اور ایک ہی خاندان کے 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ جیکب آباد نادرا آفس کے باہر تیز رفتار کار کی ٹکر سے 55 سالہ بزرگ گل حسن جاں بحق ہوگئے جب کہ جیکب آباد ہی میں 7 سالہ قاسم تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ لاڑکانہ کے شیخ زید چلڈرن اسپتال میں وینٹی لیٹر کی عدم دستیابی اور ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث لاڑکانہ پریس کلب کے جنرل سیکریٹری عبدالقادر جاگیرانی کا نومولود پوتا تڑپ تڑپ کر دم توڑ گیا۔ قمبر شہدادکوٹ کے گاؤں بکیجا میں 16 سالہ ذہنی معذور لڑکی سویرا بھنگر نلکے اور واش روم کے پانی میں گر کر جاں بحق ہو گئی۔ روہڑی کے ہوٹل پر چائے کے دوران تلخ کلامی کے بعد 45 سالہ محمد نعیم بھٹی کو دل کا دورہ پڑا اور وہ انتقال کر گئے۔