سکھر:سندھ امن جرگہ، بدامنی، قبائلی تنازعات پر اظہار تشویش
سکھر (بیورو رپورٹ)جمعیت علماء اسلام سندھ کے فیصلے کے مطابق سکھر میں \"بدامنی، قبائلی تکرار اور اغوا انڈسٹری\"جیسے۔۔
اہم عوامی مسائل پر دوسرا سندھ امن جرگہ منعقد کیا گیا۔ یہ اجلاس صوبائی امیر مولانا سائیں عبد القیوم ہالیجوی کی زیر صدارت ہوا، جس میں قبائلی عمائدین، سردار صاحبان، علما، شہری اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔جرگے میں جمعیت علماء اسلام سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے خصوصی شرکت کی، جب کہ دیگر شرکاء میں ڈپٹی سیکریٹری جنرل محمد صالح انڈھڑ، مفتی سعود افضل ہالیجوی، سردار تیغو خان تیغانی، ڈاکٹر محمد ابرہیم خان جتوئی، سردار پپو خان چاچڑ، سردار عبد النبی تھہیم، میر افتخار لُنڈ ، سردار معظم عباسی اور دیگر معززین شامل تھے ۔اجلاس میں سندھ میں امن و امان کی بگڑتی صورت حال، اغوا برائے تاوان کے بڑھتے واقعات، قبائلی تنازعات، اور حکومتی ناکامیوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ سرداران و شرکاء نے اپنی تجاویز پیش کیں اور ایک متفقہ اعلامیہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب سندھ کو امن و مہمان نوازی کی سرزمین سمجھا جاتا تھا،مگر آج کے حالات ایسے ہیں کہ خود سندھ کے شہری خوف کا شکار ہیں اور معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔اپنے خطاب میں علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ ہماری جماعت نے ہمیشہ امن کا علم بلند کیا ہے اور ہم پر ُ امید ہیں کہ یہ جدوجہد کامیاب ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کرپشن، رشوت اور لوٹ کھسوٹ اس بگاڑ کی اصل وجہ ہیں اور حکومت ان مسائل پر قابو پانے کے بجائے غیر سنجیدگی اور معاونت کا کردار ادا کر رہی ہے۔