یونیفارم کی دکان میں آتشزدگی، لاکھوں مالیت کا سامان جل گیا
لاڑکانہ (بیورو رپورٹ)لاڑکانہ شہر کے پوسٹ آفس روڈ پر واقع اسکول یونیفارم کی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔۔
، جس کے نتیجے میں دکان میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان بشمول نجی اسکولوں کے یونیفارم، اسٹیشنری، درسی کتابیں اور بوٹوں کے درجنوں جوڑے جل کر خاکستر ہو گئے ۔اچانک بھڑکنے والی آگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھویں کے بادل دور سے دکھائی دینے لگے ۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔واقعے کی اطلاع پر کمشنر لاڑکانہ کی ہدایت پر مختیارکار لاڑکانہ، حبیب اللہ کھوسو نے بھی موقع پر پہنچ کر صورت حال کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیق کے مطابق دکان میں آگ یو پی ایس اور بیٹری کی چنگاری سے لگی۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم مالی نقصان بہت زیادہ ہوا ہے ۔دکان کے مالک اور مقامی شہریوں نے بروقت ریسکیو کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔