شکارپور میں فائرنگ سے دو نوجوان قتل، ایک زخمی
شکارپور،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) شکارپور کے کچے علاقے میں لنک روڈ پر تھانہ محمد آباغ کی حدود میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے نثار احمد مہر اور اس کے بھانجے اسامہ مہر کو قتل کر دیا۔
دونوں نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔ واقعے کے بعد قادرانی جتوئی اور کبرہ مہر برادریوں کے درمیان جدید ہتھیاروں سے ڈیڑھ گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں سمانو اندھر گاؤں کا ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق یہ جھگڑا گزشتہ سال مویشی چوری کے تنازعے سے شروع ہوا تھا۔ سانگھڑ کے لنڈو ریلوے اسٹیشن کے قریب عوامی ایکسپریس کی زد میں آ کر دو سگے بھائی جاں بحق ہوگئے ۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک ذہنی مریض نوجوان نے ٹرین کے سامنے دوڑ لگائی تو دوسرے بھائی نے بچانے کی کوشش کی لیکن دونوں ٹرین کی زد میں آ گئے ۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کا تعلق ضلع مٹیاری سے ہے۔ محراب پور (نوشہروفیروز)میں اینٹوں کے بھٹے پر کام کرنے والا 15 سالہ مزدور ندیم احمد بروھی آگ میں گر کر جھلس گیا۔ زخمی کو تشویشناک حالت میں حیدرآباد اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ لاش گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا۔ جیکب آباد کے بسم اللہ ٹاؤن میں تعمیراتی کام کے دوران کرنٹ لگنے سے نوجوان مزدور الطاف جکھرانی جاں بحق ہوگیا۔ ساتھی مزدوروں نے اسے سول اسپتال پہنچایا مگر ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کر دی۔