ٹوٹی سڑکیں میئر کی نیت پر نوحہ پڑھ رہیں ،ایم کیو ایم
حادثات شہریوں کا مقدر بن چکے ، لمحوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہورہا ہےمئیر بیچارگی کے بجائے پیسوں کا درست استعمال کریں،اراکین اسمبلی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے کراچی میں سڑکوں کی ابتر صورتحال پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے مرکز بہادر آباد سے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ خستہ حال ٹوٹی سڑکیں شہر کی حالت اور قبضہ میئر کی نیت پر نوحہ پڑھ رہی ہیں، شہر قائد کھنڈرات کا نظارہ پیش کررہا ہے جس کے باعث لمحوں کا سفر گھنٹوں میں اور آئے روز کے حادثات شہریوں کا مقدر بن چکے ہیں۔ شہر کی حالتِ زار سے غافل قبضہ مئیر عوام کی مشکلات کو دور کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیوں نہیں کرتے ؟حق پرست اراکینِ سندھ اسمبلی نے کہا کہ چند مقامات پر استرکاری کرکے ایسے ڈھنڈورا پیٹا جاتا ہے جیسے مریخ پر پانی ڈھونڈ لیا ہو، ان عوامل نے عوام کی زندگی کو اجیرن اور سیاسی عمل میں شمولیت سے بیزار کردیا ہے ۔ ایم کیو ایم ارکانِ صوبائی اسمبلی نے مزید کہا کہ ایک سو چھ سڑکوں پر اختیار کا رونا ڈالنے والے قبضہ مئیر اپنی بیچارگی دکھانے کے بجائے عوام کے پیسوں کا درست مصرف ثابت کریں۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکین اسمبلی نے سندھ حکومت کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانوں اور ڈی میرٹ پوائنٹس کے نئے نظام پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے اہلِ کراچی کے ساتھ کھلی زیادتی اور حکومت کی نااہلی و کرپشن کا شاخسانہ قرار دیا ہے ۔انہوں نے کہ پیپلزپارٹی کی متعصب پالیسی، نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے پورا صوبہ بدترین شہری سہولیات کا شکار ہے ۔