نزلہ ،زکام، کھانسی اور ڈینگی کے کیسز میں اضافہ
دھول مٹی اور سڑکوں کی حالت نے شہریوں کی زندگی کو اجیرن کردیا شہریوں کو اپنی قوت مدافعت بڑھانا اور اچھی غذا استعمال کرنا ہوگی،ماہرین
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سرکاری اور نجی اسپتالوں میں نزلہ زکام، کھانسی، ڈینگی، ملیریا کے کیسز میں بے پناہ اضافہ ہوگیا، ماہرین صحت نے اہم مشورہ دیدیا۔نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں موسم بدلتے ہیں نزلہ زکام، کھانسی، ڈینگی اور ملیریا کے کیسز میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ، کراچی میں اڑنے والی دھول مٹی اور سڑکوں کی حالت نے شہریوں کی زندگی کو اجیرن کردیا ہے ۔محکمہ صحت کی جانب سے ڈینگی کیسز کی یومیہ رپورٹ جاری نہیں کی جارہی، ڈینگی اور ملیریا رپورٹ 15 روزہ یا ماہانہ بنیاد پر جاری کی جاتی ہے ، محکمہ صحت کے جاری کردہ اعدادوشمار میں اسپتالوں کے نام شامل نہیں ہیں۔
انتظامہ کا کہنا ہے کہ سول اسپتال میں نزلہ زکام اور کھانسی کے 100 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، سول اسپتال میں روزانہ 10 سے 12 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوتے ہیں۔اسپتال ذرائع نے بتایا کہ جناح اسپتال کی ایمرجنسی اور او پی ڈی میں 150 کیسز رپورٹ ہوتے ہیں، جناح اسپتال میں روزانہ 15 سے 20 ڈینگی مریض رپورٹ ہورہے ہیں۔نجی اسپتالوں میں نزلہ زکام اور کھانسی کے 200 سے زائد کیسز رپورٹ ہوتے ہیں، محکمہ صحت کی جانب سے موسم کی تبدیلی کے بعد رپورٹ کیسز کا ڈیٹا جاری نہیں کیا جاتا۔ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اگر کسی کو نزلہ زکام ہے تو وہ ایک دوسرے سے ہاتھ نہ ملائیں اور فاصلہ رکھیں جبکہ ماسک کا بھی استعمال کریں جبکہ شہریوں کو اپنی قوت مدافعت بڑھانی ہوگی جس کے لیے اچھی غذا کا استعمال کرنا ہوگا۔