شہروں میں جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کا قیام ناگزیر،گورنر

شہروں میں جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کا قیام ناگزیر،گورنر

ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں سختی عوامی تحفظ کیلئے ضروری ہے ،کامران ٹیسوریحادثات سے بچاؤ کے لیے حکومت اور عوام کو مل کر ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا ،بیان

کراچی(این این آئی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے روڈ ٹریفک متاثرین کی یاد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں ہر سال ہزاروں ٹریفک حادثات قیمتی جانیں نگل جاتے ہیں۔تیز رفتاری اور قوانین کی خلاف ورزی حادثات کی بنیادی وجہ ہے ، جبکہ غیر تربیت یافتہ ڈرائیور اور ناقص سڑکیں بھی حادثات میں اضافے کا سبب بن رہی ہیں۔گورنر سندھ نے زور دیا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد حادثات میں نمایاں کمی لا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں میں جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے ، جبکہ عوامی آگاہی مہمات حادثات کی شرح کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈرائیوروں کی مناسب تربیت حادثات کے خطرات کو نمایاں طور پر کم کرتی ہے اور ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں سختی عوامی تحفظ کے لیے ضروری ہے ۔ حادثات سے بچاؤ کے لیے حکومت اور عوام کو مل کر ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے ۔علاوہ ازیں بین الاقوامی یومِ برداشت کے موقع پر گورنر سندھ نے پیغام میں کہا کہ رواداری اور احترام پر مبنی معاشرہ ہی پُرامن اور مستحکم ریاست کی ضمانت ہے ۔ عدم برداشت کے خاتمے کے لیے قانون، تعلیم اور شعور کی مضبوطی ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ کی پہچان ہم آہنگی، بھائی چارہ اور مختلف ثقافتوں کا احترام ہے ، اور یہی اقدار صوبے کی اصل طاقت ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اختلافِ رائے کے باوجود ایک دوسرے کو قبول کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں