میرپور خاص:گیس بحران سنگین، شیڈول سے ایک گھنٹہ بعد سپلائی
بند بھی پہلے کردی جاتی ہے ، دوپہر کو پریشر کم، گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئےسردیوں کے آغاز سے قبل جاری کئے گئے شیڈول پرعملدرآمد نہیں کیا جارہا، شہری
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)میرپورخاص میں گیس بحران سنگین ہوگیا، شیڈول سے ایک بعد سپلائی دیکر ایک گھنٹہ قبل بند کردی جاتی ہے ، شہریوں کا کہنا تھا کہ سردی کے آغاز سے قبل گیس لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا گیا تھا ، مگر سردی کے آغاز کے ساتھ ہی شہر کے تمام علاقوں میں شیڈول سے ایک گھنٹے قبل ہی گیس کی لوڈشیڈنگ اور گیس کی آمد پر ایک گھنٹے بعد گیس سپلائی کرنے پر گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں، شہریوں کا کہنا تھا کہ بدترین گیس کی لوڈشیڈنگ کے سبب اسکول جانے والے بچے اور کام پر جانے والے مردوں کے لئے ناشتہ بازار سے لایا جارہا ہے ، دوپہر کو پریشر کم ہوتا ہے ، 2 بجے گیس بھی منقطع کردی جاتی ہے ، جس کی وجہ سے دوپہر کا کھانا گرم کرنے میں بھی مشکلات پیش آرہی ہیں، گھریلو خواتین کا کہنا تھا کہ صبح 6.30 پر آنے والی گیس دوپہر 2 بجے جاتی ہے جبکہ شام 6.30 پر آنے والی گیس رات 9 بجے دوبارہ چلی جاتی ہے ، جو صبح تک منقطع رہتی ہے ، آنے والی گیس کے پریشر میں کمی کے سبب سلنڈر کی مہنگی گیس خریدنی پڑ رہی ہے ، صارفین نے 24 گھنٹوں میں صرف 10 گھنٹے گیس آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گیس لوڈشیڈنگ کا شیڈول تبدیل کیا جائے اور آنے والی گیس کے کم پریشر کو بہتر کیا جائے ۔