انسانی زندگی بدلنا، معاشرہ سنوارنا اسلامی تعلیمات، علامہ ناصر سومرو

انسانی زندگی بدلنا، معاشرہ سنوارنا اسلامی تعلیمات، علامہ ناصر سومرو

قرآنِ حکیم اللہ کاآئین، انصاف قائم کرنے کاپیغام دیتا ہے ، مرکزی جے یوآئی رہنماآج ملک کے نوجوان بیروزگار، حکمراں اپنوں کو نواز رہے ، عظمتِ قرآن کانفرنس

جیکب آباد (نمائندہ دنیا)جمعیت علما اسلام کے مرکزی رہنما علامہ ناصر محمود سومرو نے جیکب آباد میں عظیم الشان عظمتِ قرآن کانفرنس سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قرآنِ حکیم قتل، جبر اور دولت جمع کرنے کا نام نہیں، بلکہ انسانی زندگی بدلنے ، معاشرہ سنوارنے اور انصاف قائم کرنے کا مکمل پیغام ہے ، قرآن اللہ کے آئین کا نام ہے ، آج ملک کے نوجوان روزگار کے لیے تڑپ رہے ہیں، حکمران اپنے لوگوں کو نواز رہے ہیں، سندھ کے بیٹے روز قتل کیے جا رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ جب تک اسلامی نظام کا نفاذ نہیں ہوگا، تب تک سندھ سمیت پورے ملک میں حقیقی تبدیلی ممکن نہیں، یہی وہ نظام ہے جس میں اسپتال امیر و غریب کے لیے یکساں ہوں گے۔

اسکول میں امیر کا بیٹا اور غریب کا بچہ برابر تعلیم حاصل کرے گا اور ہر شہری کو علاج اور انصاف میسر ہوگا، انہوں نے کہا کہ جب امام حکمراں تھے تو معاشرے میں امن و انصاف تھا، اسلام مکمل مساوات کا درس دیتا ہے ، آج انسان خود بھی محفوظ نہیں، اسلامی حکومت میں انسان کے ساتھ جانور بھی محفوظ ہوتے ہیں، امامت اور قیادت علماء کے سپرد کرنے سے ہی معاشرہ سنور سکتا ہے ، نماز، روزہ اور عوام کی خدمت بھی دین کا اہم حصہ ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم ووٹ کی پرچی کے ذریعے اسلام نافذ کرنا چاہتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں