ایس آئی یو ٹی میں رضاکارانہ پروگرام کی تقسیم اسناد

ایس آئی یو ٹی میں رضاکارانہ پروگرام کی تقسیم اسناد

140طلبا نے ایک ہفتے پر مشتمل 30 گھنٹوں کا پروگرام کامیابی سے مکمل کیاپروگرام میں طلبہ کو صحت کے شعبے سے وابستہ عملی حقائق سے روشناس کرایا گیا

کراچی (این این آئی)سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) میں 140 رضاکار طلبہ و طالبات کے لیے اسناد تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جنہوں نے ادارے کے زیرِ اہتمام ایک ہفتے پر مشتمل 30 گھنٹوں کے پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا۔یہ پروگرام گرمیوں اور سردیوں کی تعطیلات میں منعقد کیا جاتا ہے ۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد میٹرک، انٹرمیڈیٹ اور او/اے لیول کے طلبہ میں خدمتِ خلق، ہمدردی اور سماجی ذمہ داری کا شعور اجاگر کرنا ہے ، تاکہ وہ عملی زندگی میں قدم رکھتے وقت ایک ذمہ دار اور باکردار شہری کے طور پر اپنا کردار ادا کر سکیں۔

حالیہ پروگرام میں ، ہفتہ بھر جاری رہنے والے اس پروگرام کے دوران طلبہ کو صحت کے شعبے سے وابستہ عملی حقائق سے روشناس کرایا گیا اور طلبا کے دلوں میں پسماندہ طبقے کے لیے احساسِ ہمدردی پیدا کرنے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر ایس آئی یو ٹی کے ماہرین نے مختلف موضوعات پر لیکچرز دیے ، جن میں گردوں کے افعال، گردوں کی خرابی اور ڈائیلیسز، انفیکشن کنٹرول اور ذاتی صفائی، روبوٹک سرجری، یورولوجی، اعضا عطیہ کرنا، جگر کے امراض، معدہ و آنتوں کے مسائل، پیڈیاٹرک کارڈیالوجی، دل کے امراض اور ایکوکارڈیوگرافی، غذا و غذائیت، نفسیات، مریضوں کی حفاظت، معیارِ علاج اور سوشل میڈیا کے مثبت و ذمہ دارانہ استعمال جیسے موضوعات شامل تھے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں