بھٹ آئی لینڈ کو پلاسٹک فری بنانے کی مہم کا آغاز
تمام ادارے ، شہری اپنے حصے کی ذمہ داری پوری کریں، ایم ڈی سالڈ ویسٹ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)بھٹ آئی لینڈ کو پلاسٹک فری بنانے کی مہم کا آغازکردیا گیا۔ ایس ایس ڈبلیو ایم بی نے بلونیٹ کنسلٹنگ فرم کے تعاون سے شہری رابطے بڑھانے اور انہیں آگاہی دینے کے سلسلے میں اقدامات کا بھی آغاز کیا ،مہم کا مقصد صاف سمندر،ماحولیاتی تحفظ اور پلاسٹک کے استعمال کا خاتمہ ہے ۔ ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈطارق علی نظامانی نے بھٹ آئی لینڈضلع کیماڑی میں پلاسٹک فری مہم کا آغازکرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مشترکہ ذمہ داری سمجھتے ہوئے تمام ادارے ، شہری اپنے حصے کی ذمہ داری پوری کریں،جس کا مقصد سمندر کے پانی کو صاف اور آلودگی سے پاک رکھنے کے ساتھ ساتھ کمیونیٹر کو صحت مند ماحول کی فراہمی بھی یقینی بنانا ہے ۔ ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے مقامی لوگوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سمندر میں پلاسٹک اور کچرا پھینکنے سے آپکے خاندان جو یہاں رہتے ہیں بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں اور سمندر میں آبی جانور بھی متاثر ہورہے ہیں لہذا اجتماعی تعاون کے ساتھ اس مسئلے کو حل کیا جا سکتا ہے جو خاندان یہاں رہتے ہیں اس بات کا خیال رکھیں کہ کچرا اور بالخصوص پلاسٹک سمندر میں نہ پھینکیں ،یہاں ایس ایس ڈبلیو ایم بی کی ٹیم کام کررہی ہے ، کچرا سینیٹری ورکرز کو دیں تاکہ وہ بحفاظت مقررہ جگہ پر پہنچاسکیں۔ایم ڈی سالڈویسٹ طارق نظامانی اور بلونیٹ کنسلٹنگ فرم کی سی ای او ڈاکٹر نزہت خان نے معاون خصوصی سی ایم سندھ حسین اسلم بھٹی سے ملاقات کی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔