صحافیوں کے حقوق کیلئے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، سیف ایڈووکیٹ
امید ہے نئی باڈی پریس کلب کے سیاسی و صحافتی کردار کو برقرار رکھے گینائب امیر کراچی کی زیر قیادت وفدکا کلب کا دورہ ، عہدیداران کو مبارکباد
کراچی (سٹی ڈیسک)نائب امیر جماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ، جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری و سینئر ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات صہیب احمداور ڈپٹی سیکریٹری اسد فاروق نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیا اور نو منتخب سیکریٹری اسلم خان ودیگر عہدیداران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے نو منتخب عہدیداران کی کامیابی پر مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا۔ سکریٹری محمد اسلم خان نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا،صحافی برادری کے مسائل سے آگاہ کیا۔ملاقات میں پریس کلب کے جوائنٹ سیکریٹری فاروق سمیع،نائب صدر ارشادکھوکھر،خزانچی عمران ایوب اور گورننگ باڈی کے ممبران عبدالجبار ناصر،اختر حسین سومرو، شیما صدیقی، فریال عارف، جاوید صبا، سید فرید عالم اور جاوید مہر و دیگر بھی موجود تھے ۔سیف الدین ایڈوکیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ صحافیوں کے حقوق اور ان کے مسائل کے حل کے لیے شانہ بشانہ رہی ہے اور ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں کراچی پریس کلب اور پوری صحافی برادری کے ساتھ ہیں۔ یہ کلب ہمارے گھر کی طرح ہے ، ہم پوری باڈی کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتے ہیں، امید ہے کہ نئی باڈی پریس کلب کے سیاسی و صحافتی کردار کو برقرار رکھے گی۔سکریٹری محمد اسلم خان نے کہا کہ پریس کلب جمہوری روایات کا پاسدار ہے اور جمہوریت ہی ہماری شناخت اور پہچان ہے ۔