رجب بٹ کے وکیل اور وکلا میں مذاکرات کامیاب،مقدمات واپس لینے کا فیصلہ
کوئی شرائط لاگو نہیں کی ،علی اشفاق،وکلا مذہبی معاملات میں وکالت کریں،فریق نہ بنیں،صدربار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق اور وکلاء کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف درج مقدمات اور دائر درخواستیں واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔ میاں علی اشفاق نے میڈیا کو مذاکرات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری آپس میں تمام معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے ، درج مقدمات کے محرکات کا جائزہ لیا گیا اور اس واقعے کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات پر بھی غور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل خوش اسلوبی سے حل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ،ہم نے ایک دوسرے پر کوئی شرائط لاگو نہیں کیں اور اس معاملے کو باہمی رضامندی سے کامیابی کے ساتھ طے کرلیا ہے ۔میاں علی اشفاق کے مطابق اس تنازع کے حل میں کراچی بار کے صدر عامر نواز وڑائچ نے نہایت اہم کردار ادا کیا۔ عامر نواز وڑائچ نے کہا کہ اس واقعے سے کراچی بار کی ساکھ متاثر ہوئی تھی،وکلا کو چاہیے کہ مذہبی معاملات میں وکالت ضرور کریں مگر خود فریق نہ بنیں۔ صدر کراچی بار نے کہا کہ ہم تشدد کو کبھی سپورٹ نہیں کریں گے ۔ انہوں نے وکلاء سے اپیل کی کہ جو سائل عدالت آئے اسے عزت دی جائے۔