قوانین کی خلاف ورزی پرگاڑیاں ضبط، مقدمات اندراج کا فیصلہ

قوانین کی خلاف ورزی پرگاڑیاں ضبط، مقدمات اندراج کا فیصلہ

ٹرانسپورٹرز ٹریفک قوانین، روٹ پرمٹس شرائط پرسختی سے عمل کریں، شرجیل میمنگاڑیاں مقررہ رفتار میں چلانا لازم، اوور لوڈنگ، تیزر رفتاری سے اجتناب کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت سندھ نے تمام ٹرانسپورٹرز کو ٹریفک قوانین اور روٹ پرمٹس کی شرائط پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ قوانین کی خلاف وزری پرگاڑیاں ضبط اور مقدمات درج ہونگے ۔ صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ما س ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ تمام گاڑیوں کو مقررہ رفتار میں چلانا لازم ہوگا، اوورلوڈنگ، غلط اوورٹیکنگ، تیز رفتاری، لاپروا ڈرائیونگ اور ون وے کی خلاف ورزیوں سے اجتناب کیا جائے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے سیفٹی آرڈی نینس 2000 کے تحت ایکسل لوڈ کی مقررہ حد پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ اور اسکول، کالج یا تعلیمی اداروں کی گاڑیوں میں سی این جی ، ایل پی جی یا ایل این جی کے استعمال پر پابندی ہوگی، تمام پبلک سروس گاڑیوں میں ایمرجنسی ایگزٹ، فرسٹ ایڈ باکس اور فائر ایکسٹنگشر کی دستیابی اور فعالیت لازم قرار دی گئی ہے ۔ شرجیل میمن نے کہا کہ گاڑیاں صرف درست اور مؤثر دستاویزات، بشمول رجسٹریشن، فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کے تحت، اور صرف منظور شدہ روٹس پر ہی چلائی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ 322 کلومیٹر سے زائد سفر کی صورت دو اہل HTV لائسنس یافتہ ڈرائیورز کی موجودگی لازم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ٹرانسپورٹرز اور آپریٹرز 28 فروری تک روٹ پرمٹس حاصل کریں یا ان کی تجدید کروائیں، اس کے بعد خصوصی مہم شروع کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں