پیپلز پارٹی کام کرنے کے لئے تیار نہیں،منعم ظفر خان
ڈھائی سال میں ٹاؤنز کو ڈیولپمنٹ فنڈ کی مد میں ایک روپیہ بھی نہیں دیا گیاجماعت اسلامی کے ٹاؤنز اپنے محدود وسائل میں کام کررہے ہیں ،گفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹاؤن چیئرمین نارتھ ناظم آباد عاطف علی خان کے ہمراہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن نارتھ ناظم آباد کے تحت مرکزی شاہراہ اور بلاک اے کی اندرونی گلیوں کی تعمیرِ نو کے کاموں کے بعد اس کا افتتاح کیا۔اس موقع پر منعم ظفر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریاں اچھی طرح جانتی ہے لیکن کام کرنے کیلئے تیار نہیں۔ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران ٹاؤنز کو ڈیولپمنٹ فنڈ کی مد میں ایک روپیہ بھی نہیں دیا گیا جبکہ سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے اپنے آخری بجٹ میں یوسی کو ایک کروڑ روپے فراہم کیے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی گزشتہ 17 سال سے صوبے میں اقتدار میں ہے لیکن اس دوران کسی بھی ٹاؤن کو ڈیولپمنٹ کی مد میں فنڈز فراہم نہیں کیے گئے ۔ ٹاؤنز کو جو بھی بجٹ ملتا ہے ، وہ صرف تنخواہوں کی ادائیگی تک محدود رہتا ہے ۔جماعت اسلامی کے زیرانتظام ٹاؤنز اپنے محدود وسائل اور اون ریسورسز کے ذریعے تعمیر و ترقی کے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی منتخب بلدیاتی ٹیم نے اختیار سے بڑھ کر کام کرنے کا جو وعدہ عوام سے کیا تھا، وہ عملی طور پر پورا کرکے دکھایا ہے ۔ٹاؤن انتظامیہ وہ کام بھی انجام دے رہی ہے جو دراصل واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی ذمہ داری ہیں۔