کراچی بندرگاہ پر پہلے فیری ٹرمینل کا افتتاح کر دیا گیا

کراچی بندرگاہ پر پہلے فیری ٹرمینل کا افتتاح کر دیا گیا

فیری سروس 20 جنوری تک 246 مسافروں کو لے کر ایرانی بندرگاہ جائیگیٹرمینل کسی بھی طرح ائرپورٹ سہولتوں سے کم نہیں،وفاقی وزیر جنید انوار

کراچی(بزنس رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چودھری نے یادگاری تختی کی نقاب کشائی کرکے کراچی پورٹ پر پہلے فیری ٹرمینل کا افتتاح کیا۔پاکستان سے پہلی مسافر فیری سروس 20 جنوری تک 246 مسافروں کو لے کر ایرانی بندرگاہ چاہ بہار جائے گی۔ تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ فیری ٹرمینل کا افتتاح وزیرِ اعظم کی اسٹریٹجک رہنمائی کے عین مطابق ہے جسے میری ٹائم وژن کی صورت میں عملی جامہ پہنایا جانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ کا یہ فیری ٹرمینل کسی بھی طرح ایئرپورٹ سہولیات سے کم نہیں، ٹرمینل سے مسافروں کا امیگریشن، کسٹم اور روانگی کا عمل طے ہوگا۔ فیری ٹرمینل کی سرگرمیوں کے آغاز کو بلیو اکانومی کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیاسمندری سیاحت کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ بندرگاہی سرگرمیوں کو روایتی کارگو ہینڈلنگ سے آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔ وفاقی وزیر نے اس امر پر زور دیا کہ یہ اقدام وزارت کی اسٹریٹجک ترجیحات کی عکاسی کرتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرمینل ایک وقت میں 200 سے 250 مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ قبل ازیں چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ، ریئر ایڈمرل شاہد احمد (ریٹائرڈ)نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ فیری ٹرمینل کو مسافروں کی سہولت، حفاظت اور مؤثرآپریشنل قابلیت پر خصوصی توجہ کے ساتھ تیار کیا گیا ہے جس میں تمام قومی و سرکاری اسٹیک ہولڈرز کو شامل رکھا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں