میئر کا100 دن میں ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کا ہدف

میئر کا100 دن میں ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کا ہدف

کورنگی کازوے برج، بلوچ کالونی ایکسپریس وے جلد کھول دیے جائیں گےوزیراعلیٰ کے پی کو پروٹوکول دینگے ،شہر کو یرغمال نہیں بننے دینگے،مرتضیٰ وہاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کے ایم سی کے مختلف محکموں میں نئی ہیوی وہیکلز کو بیڑے شامل کر دیا ہے ،اس اقدام کا مقصد بلدیاتی امور کی انجام دہی میں نقل و حرکت اور کارکردگی کو بہتر بنانا اور کے ایم سی کے اپنے وسائل کے خودمختار استعمال کو فروغ دینا ہے ۔ گاڑیوں کی تقسیم کی منعقدہ تقریب میں میئر نے کہا کہ کے ایم سی کونسل سے اجازت لے کر غیر استعمال شدہ اور اسکریپ سامان کی نیلامی کا فیصلہ کیا جس کے نتیجے میں 227 ملین روپے حاصل ہوئے ، انہی رقوم سے پانچ نئی ہیوی گاڑیاں خریدی گئیں۔ میئر نے کہا کہ جہانگیر روڈ اور ناتھا خان پل کی متبادل سڑک پر کام جاری ہے ،بھینس کالونی فلائی اوور پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے ۔انہوں نے اعلان کیا کہ شاہراہ بھٹو سے ائرپورٹ کے راستے پر نیا فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا جبکہ ہدف یہ ہے کہ100دن میں جاری ترقیاتی کام مکمل کیے جائیں۔میئر نے کہا کہ یہ سال ترقیاتی کاموں کا سال ہے اور بلدیہ عظمیٰ شہر پر 46 ارب روپے خرچ کرنے جا رہی ہے ۔کورنگی کازوے برج جلد شہریوں کیلئے کھول دیا جائے گا، بلوچ کالونی ایکسپریس وے ، مرغی خانہ فلائی اوور اور دیگر منصوبے بھی جلد شہریوں کیلئے تحفے کے طور پر پیش کیے جائیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں میئر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کراچی آ رہے ہیں، انہیں مکمل سیکورٹی اور پروٹوکول فراہم کیا جائے گا تاہم شہر کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں