غیرقانونی تعمیرات،ایس بی سی اے کوجواب کی مہلت

غیرقانونی تعمیرات،ایس بی سی اے کوجواب کی مہلت

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو آئندہ سماعت تک جواب جمع کرانے کی ہدایت میمن سوسائٹی میں رہائشی علاقے میں تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں،درخواست

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو آئندہ سماعت تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے مہلت دے دی ہے ۔ آئینی بینچ کے روبرو شہری عبد الرحمن کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات سے متعلق دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران ایس بی سی اے کے وکیل نے عدالت سے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت کی استدعا کی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔سماعت کے دوران ایس بی سی اے کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ یہ درخواست غیر قانونی تعمیرات کی نہیں بلکہ کھدائی سے متعلق ہے ، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میمن سوسائٹی میں رہائشی علاقے کے اندر تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ وکیل کے مطابق درخواست گزار کے گھر کے سامنے واقع پلاٹ پر بڑی سطح پر کھدائی کی جاچکی ہے ، جس سے بظاہر یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہاں بڑی عمارت تعمیر کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔ وکیلِ درخواست گزار نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ مذکورہ علاقے میں صرف گراؤنڈ پلس ون تعمیرات کی اجازت ہے ، تاہم جتنی کھدائی کی گئی ہے اس سے خدشہ ہے کہ وہاں کثیر المنزلہ عمارت تعمیر کی جائے گی، جو قواعد و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ عدالت نے ایس بی سی اے کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں