پپری پمپنگ اسٹیشن پرلائن کا منصوبہ تیزی سے جاری
پانی کی فراہمی کے نظام سے منسلک کرنے کا کام اہم مرحلے میں داخلڈاؤن اسٹریم سائٹ پر 70 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا،واٹرکارپوریشن
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ کے تحت پپری پمپنگ اسٹیشن پر بچھائی جانے والی نئی پائپ لائن کا منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے اور اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے ۔ ترجمان کے مطابق نئی پائپ لائن کو شہر کے موجودہ پانی کی فراہمی کے نظام سے منسلک کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے ، جس کا مقصد کراچی کے پانی کے ترسیلی نظام کو مزید مستحکم اور موثر بنانا ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ منصوبے کی اپ اسٹریم سائٹ پر پائپ لائن کا تقریباً 90 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے ، جبکہ ڈاؤن اسٹریم سائٹ پر 70 فیصد تعمیراتی کام بھی مکمل ہو چکا ہے ۔ منصوبے کی بروقت اور جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پپری پائپ لائن منصوبے سے متعلق تمام سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں اور منصوبے کی مقررہ مدت میں تکمیل کے لیے پائپ لائن کی تنصیب اور دیگر تعمیراتی سرگرمیاں گزشتہ پوری رات بھی مسلسل جاری رہیں۔ حکام کے مطابق منصوبہ مکمل ہوتے ہی متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی فوری طور پر بحال کر دی جائے گی، جس سے شہریوں کو درپیش پانی کی قلت میں نمایاں کمی آئے گی اور نظامِ آب رسانی میں بہتری آئے گی۔ واٹر کارپوریشن انتظامیہ اس منصوبے کو شہر کے اہم ترین پانی کے منصوبوں میں سے ایک قرار دے رہی ہے ۔