ٹھل:50 مقدمات میں مطلوب 9 ملزمان نے ہتھیار ڈال دیئے
بنگلانی گینگ کے کارندے اغوا، ڈکیتی، رہزنی، قتل ودیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھےڈرون حملے نہ ہوتے توکبھی ہتھیار نہ ڈالتے ، ملزمان، مزید افراد ہتھیار ڈالیں گے ، پولیس
ٹھل (نمائندہ دنیا)جیکب آباد میں 50 مقدمات میں مطلوب 9 ملزمان ہتھیار ڈال کر پولیس کے سامنے پیش ہوگئے ، یہ ملزمان اغوا، ڈکیتی، رہزنی اور قتل سمیت مختلف سنگین جرائم میں مطلوب تھے ، جن کا برکت بنگلانی گینگ سے تعلق تھا، تمام ملزمان نے خود کو ایس ایس پی جیکب آباد کے سامنے پیش کردیا، گرفتاری دینے والے گینگ کے ملزمان میں برکت بنگلانی، مزار بنگلانی، یاسین، مور، اول خان، سلیمان، عمران، حیدرالدین اور شاہل بنگلانی شامل ہیں، جن کے خلاف کشمور، جیکب آباد اور دیگر اضلاع میں 50 سے زائد مقدمات درج ہیں۔
ایس ایس پی جیکب آباد محمد کلیم ملک کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں کچھ ملزمان نے سرنڈر کیا، دوسرے مرحلے میں مزید نامی گرامی جرائم پیشہ افراد پیش ہوں گے ، دوسری جانب ملزمان کا کہنا ہے کہ بی سیکشن تھانے کی حدود میں ڈرون حملوں کے بعد مجبور ہو کر ہم نے خود کو قانون کے حوالے کیا، اگر ڈرون حملے نہ ہوتے تو ہم جرائم کی دنیا نہ چھوڑتے ۔ ہم مقدمات کا سامنا کریں گے ، ایس ایس پی اچھے آدمی ہیں، جبکہ ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ضلع جیکب آباد کے دیگر ملزمان بھی پیش ہو جائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف آخری حد تک کارروائی کی جائے گی۔