میرپور خاص:پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پرپرچم کشائی
دوستی ہر آزمائش میں سرخرو، تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور تعاون کی بہترین مثال، میئر
میرپورخاص (بیورو رپورٹ)میونسپل کارپوریشن میرپورخاص کی جانب سے پاک-چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ایک شاندار، منظم اور پُروقار تقریبِ پرچم کشائی منعقد کی گئی۔ تقریب کی صدارت میئر میونسپل کارپوریشن میرپورخاص عبدالرؤف غوری نے کی، جبکہ تقریب میں سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں، مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات، اساتذہ، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ میئر عبدالرؤف غوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت کی ہر آزمائش میں سرخرو رہی ہے اور یہ تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور تعاون کی بہترین مثال ہیں انہوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا، جبکہ سی پیک جیسے منصوبے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری کا واضح ثبوت ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسی تقریبات نئی نسل کو عالمی سفارت کاری، دوستی اور باہمی احترام کی اہمیت سے آگاہ کرتی ہیں انہوں نے مزید کہا کہ میونسپل کارپوریشن میرپورخاص نہ صرف شہری مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے بلکہ قومی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ تقریب کے دوران سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کے جوانوں نے نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔