پریا کماری کی عدم بازیابی حکومتی ناکامی کاواضح ثبوت ، جے یوآئی

پریا کماری کی عدم بازیابی حکومتی ناکامی کاواضح ثبوت ، جے یوآئی

بازیاب نہ کرانا حکومتی رٹ پرسوال، امن کے دعوے محض کاغذی، صالح انڈھڑ پریا فوری بازیاب، مجرم گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ، روہڑی میں خطاب

روہڑی (نمائندہ دنیا)جمعیت علماء اسلام سکھر کے زیرِ اہتمام امن بحال کرو تحریک کے سلسلے میں روہڑی کے نواحی علاقے سنگرار میں احتجاجی ریلی نکالی جو بعد ازاں جلسے کی صورت اختیار کر گئی، جمعیت علماء اسلام سندھ کے قائم مقام سیکریٹری جنرل و ضلع سکھر کے امیر مولانا محمد صالح انڈھڑ نے امن کی بگڑتی صورتحال پر دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچی پریا کماری کو کافی عرصہ گزرنے کے باوجود بازیاب نہ کرانا حکومتِ وقت، پولیس اور متعلقہ اداروں کی سنگین نااہلی اور ناقابلِ قبول غفلت کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک مہذب اور ذمہ دار ریاست میں بچوں کا یوں لاپتہ ہو جانا اور مجرموں کا بے نقاب نہ ہونا حکومتی رِٹ پر سوالیہ نشان ہے ، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے دعوے محض کاغذی ثابت ہو رہے ہیں، جبکہ عوام بالخصوص خواتین اور بچے عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ اگر ریاست شہریوں کی جان و مال اور معصوم بچوں کے تحفظ میں ناکام ہو جائے تو یہ حکمرانی کے نظام کی کھلی ناکامی تصور کی جاتی ہے ۔مولانا محمد صالح انڈھڑ نے مطالبہ کیا کہ معصوم پریا کماری کی فوری بازیابی یقینی بنائی جائے ، مجرموں کو بے نقاب کر کے قرار واقعی سزا دی جائے اور امن و امان کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں، بصورتِ دیگر عوامی احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں