نوڈیرو میں دشمنی، میہڑ میں پسند کی شادی کرنے پر 2 افراد قتل
امید علی سرگانی عدالت جاتے ہوئے نشانہ بنا، احمد خان کزن کے ہاتھوں مارا گیا
نوڈیرو، میہڑ (نمائندگان دنیا)نوڈیرو اور میہڑ میں 2 افراد کو قتل کردیا گیا۔ نوڈیرو میں زمین کے تنازع پر کزن نے فائرنگ کر کے اپنے ہی کزن کو قتل کر دیا۔ واقعہ کچے کے تھانہ کیٹی ممتاز کی حدود میں واقع گاؤں مٹھو خان کھکھرانی میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق زمین کی خرید و فروخت کے معاملے پر دو قریبی رشتہ داروں کے درمیان جھگڑا ہوا، جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گیا۔ اس دوران ملزم نے طیش میں آ کر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں احمد خان کھکھرانی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
ادھر میہڑ میں اے سیکشن تھانے کی حدود گاہی مہیسر روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عدالت جانے والا امید علی سرگانی نامی نوجوان موقع پر جاں بحق ہوگیا، مقتول نے پسند کی شادی کی تھی، جو عدالت پیشی پر جارہا تھا کہ نشانہ بنا دیا گیا۔ جبکہ گاؤں لونگ مہیسر کا رہائشی ضامن مہیسر جو آٹوز پر کام کرنے والا مزدور تھا، گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا اسے فوری طور پر تعلقہ اسپتال میہڑ لے جایا گیا جہاں سے اسے ایمرجنسی میں لاڑکانہ منتقل کر دیا گیا۔