حادثات میں کمسن لڑکے سمیت 3افراد جاں بحق

حادثات میں کمسن لڑکے سمیت 3افراد جاں بحق

عبداللہ گوٹھ میں فرحان سڑک عبور کر رہا تھا ،تیز رفتار ٹرک نے روند دیا اورنگی میں ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار چل بسا، ڈرائیور موقع سے فرار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں کمسن لڑکے سمیت 3افراد جاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن عبد اللہ گوٹھ میں تیز رفتار ٹرک کی زد میں آکر کمسن راہگیر لڑکا جاں بحق ہو گیا۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور گاڑی موقع پر چھوڑ کر فرار ہو گیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 13 سالہ فرحان کے نام سے ہوئی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرحان سڑک عبور کر رہا تھا کہ تیز رفتار ٹرک نے اسے روند دیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے ٹرک کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا جبکہ فرار ہونے والے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں اورنگی میں گلشن بہار پاکستان بازار کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل شخص جاں بحق ہو گیا۔پولیس کے مطابق ٹکر مارنے والا ڈمپر کا درائیور موقع سے فرار ہو گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی اس کی لاش کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔دوسری جانب ناگن چورنگی کے قریب بس اور موٹرسائیکل کے درمیان ٹکر ہوئی ہے ۔ریسکیو کے مطابق حادثے میں موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہو گیا۔ کورنگی کراسنگ میں ندی کے قریب چنگچی رکشہ الٹنے سے 4 افراد زخمی ہو گئے ۔ادھر سائٹ ایریا خیبرگیٹ کے قریب بس الٹ گئی، حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں