بھینس کالونی میں خالد بن ولید فلائی اوور کا افتتاح
ٹریفک مسائل میں کمی اورریلوے کراسنگ پر حادثات کا تدارک بھی ہوگا فلائی اوور کی لمبائی 682 میٹر،چار ٹریفک لینزشامل ، دو ریمپس بنائے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھینس کالونی فلائی اوور جسے خالد بن ولید فلائی اوور بھی کہا جاتا ہے کا افتتاح کردیا۔فلائی اوور کے قیام سے ضلع ملیر بالخصوص بھینس کالونی اور مہران ہائی وے کے اطراف ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور اس سے ریلوے کراسنگ پر ہونے والے حادثات کا تدارک بھی ہوگا۔فلائی اوور کی تعمیر سے ملیر، ابراہیم حیدری، ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے رہائشیوں اور نیشنل ہائی وے (این-5) اور مہران ہائی وے کے درمیان سفر کرنے والوں کو سہولت میسر آئے گی۔یہ منصوبہ ریکارڈ پانچ ماہ میں 1.865 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوا۔ یہ فلائی اوور مہران ہائی وے سے شروع ہو کر نیشنل ہائی وے (این-5) پر ختم ہوتا ہے ۔ اس کی لمبائی 682 میٹر اور چوڑائی 20.65 میٹر ہے ۔ اس میں چار ٹریفک لینز (2+2) شامل ہیں، جن میں ہر ایک کی چوڑائی 3.65 میٹر ہے ۔ 345 میٹر اور 247 میٹر کے دو ریمپس ہیں جن کی زیادہ سے زیادہ ڈھلوان 3.5 فیصد ہے ۔ یہ سڑک 1,418 میٹر تک بالکل ہموار اور 80 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کے حساب سے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ دونوں اطراف 1.5 میٹر چوڑے فٹ پاتھ بنائے گئے ہیں۔ ایک پارکنگ لین اور این-5 تک سروس روڈ بھی شامل ہے ۔بھینس کالونی فلائی اوور کی تکمیل سے ہیوی ٹریفک اور روزمرہ سفر کرنے والوں کو بلا رکاوٹ آمد و رفت میسر آئے گی۔