کراچی اپنے ہی کچرے میں ڈوب رہا ہے ، پاسبان
کراچی(این این آئی)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی اپنے ہی کچرے میں ڈوب رہا ہے ۔
شہر میں تقریباً 40فیصد کچرا نہ اٹھایا جانا انتظامی نااہلی اور بدعنوانی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ عوام اس غفلت کا خمیازہ بھگت رہے ہیں جبکہ حکومت خود کو عوام کی منتخب حکومت قرار دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کروڑوں کی آبادی والا یہ شہر روزانہ ہزاروں ٹن کچرا پیدا کرتا ہے مگر مؤثر نظام نہ ہونے کے باعث بڑی مقدار میں کچرا سڑکوں، گلیوں اور نالوں میں پڑا سڑتا رہتا ہے جس سے شہری شدید اذیت کا شکار ہیں۔ سڑتا ہوا کچرا مچھروں اور چوہوں کی افزائش کا سبب بن چکا ہے جس سے ڈینگی، ملیریا اور دیگر متعدی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ نالوں کی بندش کے باعث بارشوں میں شہری سیلاب معمول بن چکا ہے ۔ زہریلا پانی زیرِ زمین پانی کو آلودہ کر رہا ہے جبکہ پلاسٹک اور دیگر کچرا کراچی کے ساحل کو بند کر رہا ہے جس سے سمندری حیات اور روزگار کو خطرہ لاحق ہے ۔ بند نالے مون سون بارشوں میں سیلاب کی شدت بڑھا دیتے ہیں جس سے گھروں اور کاروبار کو نقصان پہنچتا ہے اور شہریوں پر مالی بوجھ مزید بڑھ جاتا ہے ۔ اس صورتحال سے نہ صرف شہریوں کی صحت متاثر ہو رہی ہے بلکہ معیشت کو بھی بھاری نقصان پہنچ رہا ہے ۔