پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے ، پاسبان
مہنگائی حکمرانوں کاقومی کھیل بن چکی ،ہر پندرہ دن بعد نیا ریکارڈ قائم کیا جاتا حکمران طبقہ مراعات میں کمی کرنے کو تیار نہیں ہے ، صدر عبدالحاکم قائد
کراچی(این این آئی)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام دشمن اقدام ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔گزشتہ روز لیاری کے دورے پر عہدیداروں اور ورکرز سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی حکمرانوں کاقومی کھیل بن چکی اور ہر پندرہ دن بعد نیا ریکارڈ قائم کیا جاتا ہے ۔ کیا کبھی کوئی ریلیف کا مرہم بھی رکھا جائے گا یا یہ سہولت صرف تقاریر تک محدود رہے گی؟ ٹرانسپورٹرز حضرات پہلے ہی کرایوں میں اضافے کی تیاری مکمل کرچکے جبکہ سبزی و پھل فروشوں نے بھی نرخ نامے ازخود اپ ڈیٹ کرلیے ہیں۔
عبدالحاکم قائد نے مزید کہا کہ یکم مارچ سے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق کرکے حکومت نے ایک بار پھر غریب اور متوسط طبقے پر مہنگائی کا بم گرا دیا ہے ۔ ہر بار کی طرح پٹرولیم قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھیں گے بلکہ اشیائے خورونوش، سبزی، پھل، آٹا، چاول اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہوگا۔ حکومت ایک کے بعد ایک عوام پر معاشی بم گرا رہی ہے جب کہ حکمران طبقہ مراعات اور پروٹوکول میں کوئی کمی کرنے کو تیار نہیں۔ عوام سے قربانیوں کا مطالبہ کیا جاتا ہے مگر حکومتی اخراجات میں کمی نظر نہیں آتی۔ انہوں نے پُر زور مطالبہ کیا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کیا گیا حالیہ اضافہ فوری واپس لیا جائے ۔