چیف میڈیکل افسر کی خودکشی، تحقیقاتی کمیٹی مٹھی پہنچ گئی

چیف میڈیکل افسر کی خودکشی، تحقیقاتی کمیٹی مٹھی پہنچ گئی

بند کمرے میں ڈاکٹر ہریش، ڈاکٹر مالک، ڈاکٹر موہن ودیگر کے بیانات قلمبندخودکشی سے قبل ڈاکٹر عبدالکریم کے بھیجے خط، وائس میسیج تحویل میں لے لئے

تھرپارکر(نامہ نگار)مٹھی سول اسپتال میں انتظامی بے حسی کے باعث چیف میڈیکل آفیسر کی خودکشی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے محکمۂ صحت سندھ کی جانب سے قائم تحقیقاتی کمیٹی مٹھی پہنچ گئی ہے ۔ کمیٹی کی سربراہی ڈی جی ہیلتھ وقار میمن کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مٹھی سول اسپتال میں انتظامیہ اور عملے کی مبینہ ذہنی دباؤ کے باعث چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عبدالکریم شیخ کی پھندا لے کر خودکشی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے سیکریٹری صحت سندھ نے ڈی جی ہیلتھ وقار میمن کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ کمیٹی میں ڈپٹی سیکریٹری صحت زوہیب شیخ اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندے اسسٹنٹ کمشنر مٹھی عمیر اشرف بھی شامل ہیں۔ محکمۂ صحت کی تحقیقاتی کمیٹی مٹھی کی ڈی ایچ او آفس پہنچی جہاں بند کمرے میں ایم ایس مٹھی ڈاکٹر ہریش جگاڑی، ڈاکٹر عبدالمالک نہڑیو، ڈاکٹر موہن کتھری اور الزامات کی زد میں آنے والے دیگر ملازمین کے بیانات قلمبند کیے گئے ۔ اس کے علاوہ کمیٹی نے خودکشی کرنے والے ڈاکٹر عبدالکریم شیخ کی جانب سے واقعے سے قبل بھیجے گئے دو صفحات پر مشتمل خط اور وائس میسجز بھی اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔ دوسری جانب ڈاکٹر عبدالکریم شیخ کی موت کے بعد الزامات کی زد میں آنیوالے 4 جونیئر ملازمین کو معطل کر دیا گیا، جبکہ ایم ایس سمیت تین ڈاکٹر کارروائی سے بچ گئے، ڈی جی ہیلتھ وقار میمن کا کہنا ہے کہ شواہد جمع کرنے کے بعد تحریری رپورٹ دینگے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں