تنخواہوں سے 30 فیصد کٹوتی ظالمانہ فیصلہ ہے ، کاشف سعید

تنخواہوں سے 30 فیصد کٹوتی ظالمانہ فیصلہ ہے ، کاشف سعید

حکمراں لوٹ مارکی پالیسیاں متعارف کرانے کے بجائے شاہانہ اخراجات کم کریںتنخواہ دار طبقہ پہلے ہی ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے ، میرپور خاص میں خطاب

میرپور خاص (بیورو رپورٹ)امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے 30فیصد کٹوتی کو ظالمانہ فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران ٹولہ بچت والے اقدامات کی آڑ میں عوام سے لوٹ مار کی پالیسیاں متعارف کرانے کے بجائے اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی وی آئی پی پروٹوکول اور مفت خوری بند کریں عوام اور خاص طور پر تنخواہ دارا طبقہ پہلے ہی ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے ، مقامی ہوٹل میں صحافیوں کے اعزاز میں افطار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگ کا جواز بناکر راتو رات پٹرول قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام کے زخموں پر نمک پاشی ہے پیٹرول قیمتوں میں اضافہ اور تنخواہوں کی کٹوتی لوگوں سے زندہ رہنے کا حق بھی چھیننے کے مترادف ہے ۔ عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے لیے پیٹرول قیمتوں میں واضح کمی ناگزیر ہے ۔ جماعت اسلامی بدل دو نظام کو سنوار دو سندھ کو مہم کے ذریعے عوامی بیداری اور حکومتی جبر و ظالمانہ وڈیرہ شاہی نظام سے جان چھڑانے کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ حکومتی نااہلی اور ہرجگہ بیٹھے ہوئے سسٹم نے سندھ کو تباہ کردیا ہے میرپور خاص سندھ کا بڑا اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹر شہر ہے مگر انجینئرنگ و میڈیکل کالج سمیت صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔ سول ہسپتال جو کہ شہر سے کئی کلو میٹر دور اور جدید سہولیات سے محروم صرف ریفر سینٹر بنادیا گیا ہے ۔عوام کے سلگتے مسائل کو اجاگر اور مسائل کے حل کے لیے عید کے بعد حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں بھرپور تحریک شروع کریں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں