سیوریج مسائل سنگین، گلیوں ،شاہراہوں پر گندے پانی سے آمد و رفت متاثر
کراچی(سٹی ڈیسک)شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج کے مسائل شدت اختیار کرگئے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
متعدد علاقوں میں گٹر ابلنے اور گندا پانی سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہونے سے آمد و رفت متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ تعفن اور ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔شہریوں کے مطابق لائنزایریا، اورنگی ٹاؤن، لیاقت آباد، ملیر، کورنگی اور لانڈھی سمیت کئی علاقوں میں سیوریج لائنیں بند ہونے کے باعث گندا پانی سڑکوں پر کھڑا رہتا ہے جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ دکانداروں اور مقامی رہائشیوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ کئی مقامات پر گلیوں اور بازاروں میں جمع گندے پانی کے باعث پیدل چلنا بھی دشوار ہو گیا ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارہا متعلقہ اداروں کو شکایات درج کرانے کے باوجود مسائل حل نہیں کئے جا رہے جس کے باعث صورتحال روز بروز خراب ہوتی جا رہی ہے ۔ شہریوں نے بتایا کہ گٹر ابلنے اور سیوریج لائنوں کی بندش کے باعث بدبو پھیل رہی ہے جبکہ مچھروں کی افزائش میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔